کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان محکمہ موسمیات کی وارننگ جاری
محکمہ موسمیات نے عوام کو سردی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا
شہر قائد میں 46 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سائبیرین ہوائیں چل پڑیں، جمعے کو شہر میں کم سے کم پارہ 6 ڈگری تک گرسکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کو شہر میں یخ بستہ شمال مشرقی ہوائیں چلیں، ابتدا میں ہواؤں کی رفتار 22 کلومیٹر رہی تاہم بعدازاں گردآلود ہوائیں بھی ریکارڈ ہوئیں، جس کی رفتار 46 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کم سے کم پارہ 16.5 جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری کمی سے 24.2 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر ایک کلومیٹر رہ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے جب کہ جمعے کو شہر میں تند و تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جب کہ کم سے کم پارہ 6 سے 8 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب کولڈ ویو الرٹ کے مطابق سردی کی موجود لہر 17 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے، جس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان، بدین اور سجاول اور ٹھٹھ میں پارہ 5 ڈگری تک بھی گرسکتا ہے۔
لاڑکانہ ، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، شکارپور، جکیب آباد، جامشور، دادو اور تھر پارکر میں پارہ 2 ڈگری جب کہ شہید بے نظیرآباد ،میرپورخاص، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور سانگھڑ میں 3 ڈگری تک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عوام کو سردی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔