شاداب خان کی پی ایس ایل 8 کے لیے دستیابی کی تصدیق

محمد یوسف انجم  جمعرات 12 جنوری 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: سابق ٹیسٹ اسپنر سعید اجمل نے شاداب خان کی پی ایس ایل کےلیے دستیابی کی تصدیق کردی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور اسپانسر ادارے کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کی تقریب میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے شہرہ آفاق اسپنر کا موقف تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل لیگز کھیلنے ضرور جانا چاہیئے۔ انجری کسی بھی وقت اور کہیں بھی ہوسکتی ہے۔بگ بیش کھیلنے سے شاداب خان کو بہت فائدہ ہوا ہے آسٹریلیا میں کھیلنے کی وجہ سے ورلڈکپ میں اس کی کارکردگی کا گراف بلند ہوا۔شاداب خان جنوری کے تیسرے ہفتے میں  ٹریننگ شروع کردیں گے اور پی ایس ایل کے لیے بطور کپتان دستیاب ہوں گے۔

سعید اجمل نے پی سی بی میں سیاسی کردار کو ختم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ایک قانون ہونا چاہیئے۔چیئرمین تبدیل ہوتا ہے تو کھلاڑیوں پر اثر ہوتا ہے۔نیا چیئرمین آتے ہی بہت سارے لوگوں کی نوکریاں چلی جاتی ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیئے، پرفارمنس کے لیے تسلسل  کا ہونا بہت اہمیت رکھتا ہے۔

سعیداجمل نے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے سوال پر کہا کہ جو کپتان بنا ہے، اس کو ہٹانے کے بجائے اس  کو سکھانے کی ضرورت ہے، اس کو نکالنا حل نہیں ہے۔بابر جس کلاس کا کھلاڑی ہے، اس جیسے دو تین اور کھلاڑی آجائیں تو ہماری ٹیم ترقی کرجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وائٹ بال کے کرکٹرز تیار کررہے ہیں، اس لیے ٹیسٹ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ٹیسٹ میں باولرز کو سونگ اور لینتھ پر بال کرنی پڑتی ہے۔ افسوس یہ چیز نظر نہیں آرہی، پہلے بولنگ سے ہم کامیابی حاصل کرتے تھے۔اب بہت عرصے بعدمجھے ایسا لگا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ زیادہ اچھی ہوگئی ہے۔ ہمیں ٹیسٹ میچز میں لمبی باولنگ کرنے والے بولرز کو تلاش کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔