فن کی دنیا کا ’’جہاں گیر‘‘ چل بسا

ایڈیٹوریل  جمعـء 13 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا فن کی دنیا کا جہاں گیر، اداکار ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد چل بسے۔ کامیڈی ، فن اداکاری کی مشکل ترین صنف ہے کیونکہ اپنی روح کو اپنے ہاتھ سے باہر نکالنا ہی کامیڈی ہے۔

یادگار کردار نگاری کے اعتراف میں ماجد جہانگیر کو پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جبکہ حکومت نے انھیں 2020 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا۔ماجد جہانگیر کراچی میں پیدا ہوئے۔

انھوں نے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز معین اختر کے شو ’’سات رنگ‘‘ سے کیا تھا جو پی ٹی وی پر نشر ہوتا تھا۔ انھوں نے 80 کی دہائی میں مزاحیہ سیریز ’’ ففٹی ففٹی‘‘ سے شہرت پائی تھی جس میں انھوں نے اسماعیل تارا، زیبا شہناز، بشریٰ انصاری اور اشرف خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، یہ پروگرام ملک بھر میں لوگوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

ماجد جہانگیر اور اسماعیل تارا کی جوڑی نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔80 کی دہائی کے آخر میں ماجد جہانگیر امریکا چلے گئے تھے۔

جہاں انھوں نے 23 برس گزارے۔ ماجد جہانگیر جب دوبارہ وطن واپس لوٹے تو انھوں نے ایک بار پھر مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے لیے 22 سال کام کیا اور 4 فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

ان کی اہلیہ صبا ماجد کا انتقال 2020 میں ہوا، 2016 سے، وہ شدید مالی مسائل کے ساتھ جزوی فالج اور صحت کے دیگر سنگین مسائل میں مبتلا تھے ۔ اداکار ماجد جہانگیر اپنے فن کے حوالے سے ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔