سائبیرین ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھا دی، کراچی آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جنوری 2023
کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ 
(فوٹو: ٹوئٹر)

کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ (فوٹو: ٹوئٹر)

  کراچی: شہر قائد میں سائیبیرین ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی سائیبیرین ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہورہی ہیں جو دن کے اوقات میں بھی برقرار رہ سکتی ہیں۔

رات کے وقت ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہے جبکہ سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر غیر فعال ہیں، آج بھی شہر کی فضاوں پر ڈھند چھانے کے سبب حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں سمندری ہواؤں کی بندش اور بلوچستان سے چلنے والی سائیبیرین ہواؤں کے نتیجے میں شہر میں گرد آلود فضاء ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضاوں میں آلودہ ذرات کی مقدار211 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوئی ہے، اسی طرح لاہور 209 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ڈھاکہ، بنگلہ دیش 364 پریٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلےنمبر پر ہے، بھارت کا شہر کلکتہ 204 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔