ایکسپریس کی خبر پر نوٹس ، نقل روکنے کیلیے تعلیمی افسران سرگرم، داخلی دروازے پر طلبہ کی تلاشی

نامہ نگار  ہفتہ 5 اپريل 2014
نقل کا مواد ضبط کیے جانے پر اکثر امیدواروں نے امتحانی وقت گپ شپ کرتے گزار دیا، 3 گھنٹے بعد خالی کاپیاں ممتحن کو دے دیں۔
فوٹو: فائل

نقل کا مواد ضبط کیے جانے پر اکثر امیدواروں نے امتحانی وقت گپ شپ کرتے گزار دیا، 3 گھنٹے بعد خالی کاپیاں ممتحن کو دے دیں۔ فوٹو: فائل

کنری: مستقبل کے معماروں کا کامیابی کے لیے نقل پر انحصار، میرپورخاص بورڈ میں نقل کا مواد امتحانی مرکز کے باہر ہی پکڑے جانے پر امیدوار خالی ذہن کے ساتھ کمرہ امتحان میں بیٹھے رہے۔

ایکسپریس نیوز کی جانب سے میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات میں کھلے عام نقل کا پردہ چاک کیے جانے کے بعد بورڈ اور تعلیمی افسران حرکت میں آ گئے اور ہفتے کو نویں جماعت کے کیمسٹری کے پرچے میں امیدواروں کی امتحانی مراکز کے داخلی دروازے پر ہی جامہ تلاشی لی گئی اور نقل کا تمام مواد ضبط کر لیا گیا، جس کے باعث سارا سال کتابیں کھول کر نہ دیکھنے والے اکثر طلبہ کمرہ امتحان میں خالی ذہن کے ساتھ بیٹھے رہے، کئی امیدوار آپس میں گپ شپ کرتے رہے اور پرچے کا 3 گھنٹے کا وقت مکمل ہونے کے بعد  خالی کاپیاں ممتحن کو دے دیں۔

امیدواروں نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ نقل کا مواد گیٹ پر ہی پکڑے جانے کے باعث وہ پیپر نہیں دے سکے۔ دوسری جانب تعلیمی افسران کا کہنا ہے کہ نقل کی روک تھام کیلیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ پیر غلام محی الدین کی سربراہی میں ویجلینس ٹیم نے بھی امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔