کراچی میں پانچ پولیس مقابلوں کے دوران 9 زخمی سمیت 11 ڈاکو گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 جنوری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: سائٹ سپرہائی وے، سرسید، اسٹیل ٹاؤن، کورنگی بلال چورنگی اور مہران ٹاؤن میں پولیس مقابلوں کے بعد 9 زخمی سمیت 11 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک پولیس مقابلہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ناردرن بائی پاس پر کیا جس میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت اسامہ ولد پرویز اور جبار ولد حاجی مجاز کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی جس کا نام شمس عرف سلے معلوم ہوسکا ہے فرار ہوگیا، ملزمان سے ایک بے بی کلیشن تیس بور، ایک نائن ایم ایم پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے سب انسپکٹر سید فیصل جعفری کا کہنا ہے کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزمان نے گزشتہ سال فقیرہ گوٹھ میں فائرنگ کر کے 11 سالہ مجاہد ولد اللہ داد کو زخمی کیا تھا جس کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج ہے، گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف اسلحہ ایکٹ، اقدام قتل اور پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے فرار و دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

ایک اور مقابلہ سرسید پولیس کی جانب سے نارتھ کراچی سیکٹر7-D/1 ڈسکو موڑ یونس مسجد کے قریب ہوا، مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت 22 سالہ عبد اللہ ولد محمد نبی کے نام سے ہوئی، ملزم کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، گرفتار ملزم سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

گلشن حدید سے تین ڈاکو گرفتار

اسی طرح اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گلشن حدید فیز II چوکی نمبر 6 فلٹر پلانٹ کچے راستے سے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جن کی شناخت ساحل ولد آصف، ذیشان ولد جاوید اور سلامت ولد مینوئل کے نام سے ہوئی، ملزمان کے دیگر چند ساتھی فرار ہوگئے، ملزمان سے 3 پستول مع ایمونیشن، 3 موبائل فون، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی، ملزمان اسٹریٹ کرائم، چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے فرار و دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

کورنگی بلال چورنگی مقابلہ، دو ڈاکو گرفتار

ایک مقابلہ کورنگی پولیس کا بھی ہوا جس نے بلال چورنگی ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی ڈاکوؤں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا کیا، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکوﺅں کی شناخت 25 سالہ وقآص ولد خان نواز اور 20 سالہ عمران ولد نثار شاہ کے نام سے کی گئی، ملزمان سے تیس بور کے دو پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائمز، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

بلال چورنگی سے گرفتار ڈاکو شہری کے قتل میں ملوث نکلے

ملزمان وقاص اور عمران کی گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا تھا۔ پولیس حکام کے

ملزمان وقاص اور عمران کی گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ 21 دسمبر 2022ء کو کورنگی کے ہی علاقے میں قیوم نامی نوجوان کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 80 سے زائد ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، دونوں ملزمان ڈکیت گروہ کے کارندے ہیں، ملزمان چھینے گئے موبائل فون آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے فروخت کرتے تھے۔

کورنگی مہران ٹاؤن میں مقابلہ، ایک زخمی سمیت تین گرفتار

علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں تین ملزمان شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

ایس ایچ او انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا، پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، ملزمان میں قاسم ، دانیال اور عمیر شامل ہیں، قاسم فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

ایس ایچ او اورنگ زیب خٹک کا کہنا ہے کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

بلال کالونی سے حسن جھینگو گروپ کے تین کارندے گرفتار، مزاحمت پر شہری کو قتل کیا

بلال کالونی پولیس نے حسین جھینگو گروپ کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کچھ عرصے قبل سماما شاپنگ سینٹر میں کنسٹرکشن کمپنی کے مالک کو لوٹا تھا اور مزاحمت پر چوکیدار علی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، ملزمان میں حسین، روشن عرف بنگالی اور سہیل عرف ڈان شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے چوکیدار علی کے قتل میں استعمال کیا جانے والا آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔