قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جنوری 2023
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی، فوٹو: فائل

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی، فوٹو: فائل

غزہ: قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے اس طرح صرف 24 گھنٹوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔

گزشتہ روز ایک اور پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کے اسنائپر کی فائرنگ سے چھت پر کھڑے فلسطینی شہری 41 سالہ سمیر اسلان گولی سے شہید ہوگئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیلی اسنائپر کی فائرنگ سے ’چھت پر کھڑا‘ فلسطینی نوجوان شہید 

رواں برس کے پہلے مہینے کے دو ہفتوں میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ برس فلسطینی نوجوانوں کی شہادتوں کی تعداد اسرائیلی قبضے کے بعد سے سب سے زیادہ تھی۔

اسرائیل میں حالیہ ہونے والے انتخابات میں سابق وزیر اعظم نیتن یاہو ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان ہوگئے ہیں اور اس بار ان کی اتحادی کٹر یہودی جماعت ہے۔

یہ خبر پڑھیں : نیتن یاہو کے عہدہ سنبھالتے ہی فلسطینیوں کے خلاف امتیازی قانون سازی کا آغاز 

یہی وجہ ہے کہ اس مسلم دشمن گٹھ جوڑ نے اقتدار میں آتے ہی قانون سازی کرتے ہوئے یہودی آباد کاروں کو اسرائیل کے مستقل شہریوں کے برابر حقوق دیدیئے جب کہ ان کے پڑوسی فلسطینیوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلائے جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔