سی ٹی ڈی کی حب ریور روڈ پر کارروائی؛ کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی:  کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ آپریشن گارڈن نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سےحب ریور روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم ایس آر اے کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی سندھ کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق موچکو حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس الواجد کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کے  دوران سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم دہشت گرد تنظیم ایس آر اے کے 3 دہشت گردوں فیاض علی جمالی ، علی اصغر اور شعیب علی کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد ، نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔

ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں 2 دہشت گرد انعام عباسی اور نور محمد فرارہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، گرفتار دہشت گردوں نے اندرون سندھ بم دھماکوں ، قتل اور اقدام قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

ترجمان سی  ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں نے کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا تاہم سی ٹی ڈی حکام اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔