پانچ منٹ روزانہ، سانس کی مشقوں سے ڈپریشن میں کمی ممکن

ویب ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2023
سائیکلنگ سائی نامی سانس کی مشق روزانہ پانچ منٹ کرنے سے ڈپریشن میں کمی ہوتی اور پرسکون نیند میں بھی مدد ملتی ہے۔ فوٹو: فائل

سائیکلنگ سائی نامی سانس کی مشق روزانہ پانچ منٹ کرنے سے ڈپریشن میں کمی ہوتی اور پرسکون نیند میں بھی مدد ملتی ہے۔ فوٹو: فائل

اسٹینفرڈ: ہم ہروقت سانس لیتے رہتے ہیں لیکن شعوری (مائنڈفل) انداز میں سانس لینے سے نہ صرف خون میں آکسیجن بڑھتا ہے بلکہ اس سے ڈپریشن میں کمی اور موڈ میں بہتری ہوسکتی ہے۔

اب ماہرین کا اصرار ہے کہ روزانہ صرف پانچ منٹ سانس کی مشق کرنے سے چند دنوں میں مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں اور ڈپریشن میں واضح کمی ہوسکتی ہے۔ اب تجربات سے اس کے غیرمعمولی نتائج سامنے آئے ہیں۔

اس ضمن میں اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے سائنسداںوں نے 108 افراد کو ایک ماہ تک سانس کی مشقیں کروائیں، جو ماہرین کے بقول مراقبہ سے بھی زیادہ مؤثرثابت ہوئی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ سانس کی مشقیں ’بہت مؤثر اور تیربہدف‘ ثابت ہوتی ہیں۔ یہاں تک کہ وہ ڈپریشن دور کرنے والی ادویہ جیسی تاثیر رکھتی ہیں۔

تحقیق میں شامل مرکزی سائنسداں ڈاکٹر اینڈریو ہیوبرمین کہتے ہیں کہ اگر آپ پرسکون نیند چاہتے ہیں، دن کے معمولات سے ہونے والا تناؤ کم کرنا چاہتے ہیں، روزمرہ کے دباؤ کو ٹالنا چاہتے ہیں تو پانچ منٹ روزانہ سانس کی مشقیں ایک مفت کا بہترین مشورہ ہے جو بہت طاقتور عمل بھی ہے۔

سائنسدانوں نے نوٹ کیا کہ جن افراد نے سانس کی مشقیں کیں ان کا موڈ بہتر ہوا۔ دل کی دھڑکن اچھی رہی، سانس کی آمدورفت پرسکون رہی اور قدرے بہتر نیند آئی۔ ایک ماہ کے بعد سانس کی مشق کرنے والے تمام افراد نے ماہ کے اختتام پرڈپریشن میں کمی کے ساتھ ساتھ نفسیاتی اور جسمانی فوائد کا اعتراف کیا۔

ماہرین نے تمام شرکا سے تین طرح کی مشقیں کروائیں اور ان میں سے ایک کو سب سے بہتر پایا۔ اس میں سانس لینے کا دورانیہ چھوٹا ہوتا ہے اور ایک ساتھ دو مرتبہ سانس اندر لیا جاتا ہے اور ایک طویل وقفے کی آہ کے ساتھ سانس باہر نکالا جاتا ہے یعنی سانس باہرخارج کرنے کا دورانیہ طویل ہوتا ہے۔ جو اس ویڈیو میں ڈاکٹر اینڈریو نے بتایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔