حلقہ بندیوں سے متعلق رانا ثنااللہ کا بیان غلط اور عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2023
وفاقی وزیر داخلہ کو الیکشن قوانین سے واقفیت کم ہے، ترجمان (فوٹو: ایکسپریس ویب)

وفاقی وزیر داخلہ کو الیکشن قوانین سے واقفیت کم ہے، ترجمان (فوٹو: ایکسپریس ویب)

 اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا بیان غلط اور عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کی الیکشن قوانین سے واقفیت کم ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ پر الزام ہے کہ کراچی، حیدرآباد بلدیاتی انتخابات کیلئے پرانی ووٹر لسٹیں استعمال کی گئیں، حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن پر الزامات بے بنیاد ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یوسیز اور کونسلز کی تعداد مہیا کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، صوبائی حکومت نے نوٹیفکیشن میں ہر ضلع کی یوسیز کی تعداد فراہم کی ہیں۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن تعداد کے مطابق حلقہ بندیوں کا پابند تھا، ادارے نے شفاف طریقے سے حلقہ بندیاں قانون کے مطابق کیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حلقہ بندیوں کی اسلام آباد کیس سے کوئی مماثلت نہیں ہے، اسلام آباد کیس میں الیکشن شیڈول کے دوران یوسیز کی تعداد بڑھائی گئی، 7 سے 10 دن میں اسلام آباد میں بھی انتخابات کیلئے تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔