مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ؛ 2 فلسطینی نوجوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2023
اسرائیلی فوج کی پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج کی پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، فوٹو: فائل

غزہ: مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جس سے ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے چڑھائی کردی۔ سرچ آپریشن کے نام پر فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی بھی ہوا۔ اسلامی جہاد نامی تنظیم نے تصدیق کی ہے شہید اور زخمی ہونے والے نوجوان اس کے رکن تھے۔

ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تین کار سوار نوجوانوں نے چوکی پر فائرنگ کی جن کا تعاقب کیا گیا اور پناہ گزین کیمپ پہنچ کر فائرنگ کے تبادلے میں 2 نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے نوجوانوں کو اسپتال پہنچانے میں تاخیر سے کام لیا۔ اگر نوجوانوں کو بروقت اسپتال لایا جاتا تو ان کی جان بچائی جا سکتی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔