عالمی بینک 245 میگا واٹ کے 2 پن بجلی منصوبے شروع کرے گا

نمائندہ ایکسپریس  پير 16 جنوری 2023
معاہدے پر دستخط ہوگئے،خیبرپختونخوا کو سالانہ 13 ارب روپے سے زائدآمدن ہو گی
 (فوٹو فائل)

معاہدے پر دستخط ہوگئے،خیبرپختونخوا کو سالانہ 13 ارب روپے سے زائدآمدن ہو گی (فوٹو فائل)

 پشاور: عالمی بینک ضلع سوات میں 245 میگا واٹ کے 2 پن بجلی منصوبے شروع کرے گا۔

عالمی بینک رواں سال خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں 245 میگا واٹ کے 2 پن بجلی منصوبے شروع کریگا جن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہو گی۔

صوبائی حکومت نے منصوبوں پر کام کرنے والیپرا جیکٹ عملے اور غیر ملکی انجینئرز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔

اس بات کا اعلان سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد خان کی زیرصدارت عالمی بینک کے مشن کے ساتھ ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

عالمی بینک کے سینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی قیادت میں مشن کے دیگراراکین سمیت چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئر نعیم خان،KHREپروگرام کے چیف انجینئرشاہ حسین اورمنصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئرنعیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 157میگاواٹ مدین اور88میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں عالمی بینک اورصوبائی حکومت کے درمیان 450ملین ڈالرزمعاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں،یہ منصوبے 2027 تک مکمل کرلئے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔