فیفا اور اے ایف سی کا وفد پیر کو پاکستان پہنچے گا

 پير 16 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

فیفا اور اے ایف سی کا وفد پیر کو لاہور میں پاکستان فٹبال ہاؤس کا دورہ کرے گا، فٹبال کنیکٹ آئی ڈی کے تحت کلبز کی رجسٹریشن کیلیے موبائل یونٹ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی اور پی ایف ایف کے آفیشل ترانہ کا میوزک بھی لانچ کیا جائے گا۔

مہمان وفد میں ہیڈ آف ایم اے گورننس فیفا رولف ٹینر، ریجنل ڈیویلپمنٹ آفس کے کوارڈینیٹر آندرے ویشکووچ،  اے ایف سی کے ہیڈ آف ساِئوتھ ایشیا یونٹ پرشوتم کیٹل شامل ہیں۔

آفیشلز پیر کو لاہور میں پاکستان فٹبال ہاؤس کا دورہ کرتے ہوئے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور دیگر ارکان سے ملاقات کریں گے، اس موقع مہمانوں کو پاکستان میں فٹبال کی صورت حال،ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جاری سرگرمیوں اور انتظامی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان فٹبال کنیکٹ آئی ڈی کے تحت کلبز کی رجسٹریشن کیلئے موبائل یونٹ کی افتتاحی تقریب بھی سجائی جائے گی جس میں فیفا اور اے ایف سی کا وفد بھی شریک ہوگا۔

اس پروگرام کے تحت پی ایف ایف کلبز اور اکیڈمیز کے دروازے پر خود پہنچ کر کارروائی مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، جس کا مقصد یہ ہے کہ سیلاب اور موسمی حالات خراب ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن نہ کروا پانے والوں کی محرومی کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں قومی سطح کے ڈیٹا بیس کا حصہ بنایا جائے۔

مہمان وفد کی پاکستان میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی ایف ایف کے آفیشل ترانہ کا  میوزک بھی لانچ کیا جائے گا، یہ تجربہ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔