سال کا پہلا بڑا ٹینس میلہ آج سے سجے گا

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 جنوری 2023
نووک جوکووچ کو فیورٹ کا درجہ حاصل، ایلکاریز سمیت کئی اہم پلیئرز غیرحاضر۔ فوٹو: شٹراسٹاک

نووک جوکووچ کو فیورٹ کا درجہ حاصل، ایلکاریز سمیت کئی اہم پلیئرز غیرحاضر۔ فوٹو: شٹراسٹاک

کراچی: سیزن کا پہلا بڑا ٹینس میلہ پیر سے میلبورن میں سجے گا۔

سیزن کا ابتدائی گرینڈ سلم پیر سے میلبورن پارک میں شروع ہوگا، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کا ابتدائی مقابلہ انگلش اسٹار جیک ڈریپر سے ہوگا، یونائیٹڈ کپ میں انگلش حریف کیمرون نوری اور آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینور سے مات کھاجانے والے نڈال اس بار خود کو کمزور خیال کررہے ہیں، انھوں نے 4 سیڈ نووک جوکووچ کو فیورٹ قرار دے دیا ہے۔

ایڈیلیڈ کے سیمی فائنل میں جیک ڈریپر کی جنوبی کورین لکی لوزر سے مات نے نڈال کی ہمت بڑھائی ہوگی، امریکا کے فرانسز ٹیافوئے ممکنہ طور پر نڈال کے سامنے چوتھے راؤنڈ میں آسکتے ہیں، ڈینیئل میڈویڈوف بھی نڈال کے ڈرا میں شریک ہیں، ہوبرٹ ہورکیز، ڈینس شیپالوف بھی ان کی راہ میں حائل ہوسکتے ہیں، سیمی فائنل میں نڈال کا ٹاکرا اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس اور فلیکس ایگور سے بھی ہوسکتا ہے۔

ویمنز سنگلز میں پولینڈ کی ورلڈ نمبرون ایگا سوائیٹک فیورٹ ہیں، انھوں نے گزشتہ برس لگاتار 37 میچز جیتے تھے، ان کا پہلا مقابلہ جرمن حریف جولی نائمیریر سے ہوگا، بیانکا اینڈریسکو ممکنہ طور پر تیسرے راؤنڈ میں ان کے مقابل آسکتی ہیں، ومبلڈن چیمپئن الینا ریباکینا اور گزشتہ برس کی فائنلسٹ ڈینیلی کولنز چوتھے مرحلے میں ان کی راہ میں ہوسکتی ہیں۔

کوکو گوف کوارٹر فائنل میں ایگا کو چیلنج بن سکتی ہیں، جیسکا پیگولا نے اگر پیشقدمی جاری رکھی تو سیمی فائنل میں ایگا اور ان کا ٹاکرا متوقع ہے، آریانا سیبالینکا، بیلینڈا بینسک اور اونس جابر بھی ٹائٹل کی دوڑ میں شریک ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔