کشمور میں مسافر بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 25 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 6 اپريل 2014
حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔  فوٹو: فائل

حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ فوٹو: فائل

کشمور: کندھ کوٹ کے قریب تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔  

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ جانے والی مسافر بس اپنی منزل کے قریب پہنچنے سے قبل انڈس ہائی وے پر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو کندھ کوٹ، شکار پور اور غوث پور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمی دم توڑ گئے تاہم دیگر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی شناخت منظوراحمد، بھور اور امجد علی کے نام سے ہوگئی ہے، تینوں افراد کندھ کوٹ ہی کے رہائشی تھے، اسپتال انتطامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد میتوں کو ورثا کے حوالے کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔