کراچی؛ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی نوجوان 8روز بعد چل بسا

اسٹاف رپورٹر  پير 16 جنوری 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

  کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں 8 روز قبل ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق 7 اور 8 جنوری کی درمیانی سب بلدیہ ٹاؤن تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 2 ٹریفک پولیس چوکی کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 28 سالہ نوجوان عبدالوارث ولد عبدالرشید شدید زخمی ہوا جسے تشوشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخمی نوجوان تقریباً 8 روز تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دوران علاج دم توڑ گیا۔

مقتول نوجوان ملیر جناح اسکوائر کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے مووی میکر تھا۔

اس حوالے سے بلدیہ ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ مقتول نوجوان اپنے دوست اسامہ کے عزیزوں کی شادی کی تقریب میں بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 12 آیا تھا اور شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد رات 3 بجے کے قریب واپس اپنے 4 دوستوں کے ہمراہ جا رہا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن نمبر 2 ٹریفک پولیس چوکی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر ان کی گاڑی روک کر مقتول نوجوان عبدالوارث اوراس کے دوست شکیل میمن سے موبائل فونز جبکہ 2 دوست اسامہ اور حسن سے 13 ہزار روپے کی نقدی چھین لی تھی اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر دی تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان عبدالوارث سینے پر ایک گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی نوجوان کے 2 آپریشن بھی کیے گئے تاہم مقتول نوجوان کئی روز تک وینٹی لیٹر پر بھی تھا جو گزشتہ روز دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ مقتول نوجوان کے دوست شکیل میمن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، واقعے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس جلد کیس کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال کے 16 روز کے دوران ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے 6 شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔