کراچی؛ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 170 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 16 جنوری 2023
فائل فوٹو

فائل فوٹو

  کراچی: سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 170 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم زبیرخان کو گرفتارکرلیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا چوری کا موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیا گیا۔

گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 170 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے جس میں ملزم نے 250 سے زائد موبائل فونز اور 5 لاکھ سے زائد نقدی چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نے جنوری 2023 کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو بآسانی پہچانا جا سکتا ہے۔

ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو بمعہ مسروقہ موٹر سائیکل مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔