لاہور؛ ہاؤسنگ اسکیموں کا سیوریج بی آر بی کینال میں شامل کرنے کا انکشاف

آصف محمود  پير 16 جنوری 2023
—فوٹو ایکسپریس نیوز

—فوٹو ایکسپریس نیوز

لاہور:  دریائے راوی کے بعد اب لاہورکے مشرق میں بہنے والی دفاعی اہمیت کی بی آربی کینال بھی گندے نالے میں تبدیل ہوتی جارہی ہے، درجنوں مقامی آبادیوں اورہاؤسنگ سکیموں کا سیوریج نہرمیں ڈالاجارہا ہے جبکہ کوڑاکرکٹ بھی نہرمیں ہی پھینک دیا جاتا ہےمحکمہ انہارکاعملہ خاموش تماشائی بنا نہرکی تباہی دیکھ رہا ہے. 

لاہورکے مشرقی علاقے باٹاپورجلوموڑ کے قریب بہنے والی بمبانوالہ راوی بیدیاں کینال ان دنوں سالانہ بھل صفائی کے سلسلے میں بند ہے تاہم اس وقت یہ نہر ایک بڑے گندے نالے کا منظرپیش کررہی ہے۔ نہرمیں پھینکا جانیوالا کوڑا جمع ہوتا جارہا ہے۔ بی آربی نہرمیں سیوریج کاپانی ڈالنے اورکوڑا پھینکنے پر پابندی ہے لیکن اس کے بعد برسوں سے لوگ یہ کام کررہے ہیں۔ حال ہی میں جی ٹی روڈپرپربنائے گئے مین سیوریج کو بھی نہرمیں ڈال دیا گیا ہے جس سے نہر میں آلودگی مزید بڑھنا شروع ہوگئی ہے

brb canal 2

مقامی شہریوں کا کہنا ہے حکومت کواس معاملے کا نوٹس لینا ہوگا،سیوریج اورکوڑا پھینکنے پرپابندی عائد کی جائے۔ محکمہ انہارکاعملہ سب کچھ جاننے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیتا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق دفاعی اہمیت کی حامل اس نہر کی تعمیر 1948 میں شروع ہوئی جبکہ 1958 میں مکمل ہوئی تھی۔ بی آربی کینال بمبانوالہ کے مقام سے شروع ہوتی اورلاہورمشرق سے گزرتی ہوئی بیدیاں کے مقام پر دوشاخوں میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ سائفن کے مقام پر یہ نہر دریائے راوی کے نیچے سے گزرتی ہے ،اس نہرمیں دریائے چناب کا پانی بہتا ہے۔ یہ نہر 148 فٹ چوڑی اورتقریبا 16 فٹ گہری ہے۔ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں اس نہرنے دفاع کا کام کیا تھا۔

شہریوں نے یہ بھی بتایا کہ سالانہ بھل صفائی کے نام پرنہرکوہرسال چند ہفتوں کے لئے بند توکیا جاتا ہے لیکن کبھی اس کی صفائی نہیں کی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ انہار پنجاب کے حکام سے رابطہ کرکے ان سے موقف لینے کی متعددبارکوشش کی گئی لیکن چیف انجینئرسمیت کسی افسرنے کوئی جواب نہیں دیا ہے

brb canal 3

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔