6ماہ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام پر صرف 151 ارب 42 کروڑروپے خرچ

حسیب حنیف  منگل 17 جنوری 2023
کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں پر 87 ارب میں سے 11 ارب 1 کروڑ لگ چکے۔ فوٹو: فائل

کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں پر 87 ارب میں سے 11 ارب 1 کروڑ لگ چکے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: رواں مالی سال کے چھ ماہ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام پر صرف 151 ارب 42 کروڑ روپے خرچ کیے جاسکے جب کہ متعدد وزارتوں کو مختص کردہ ترقیاتی بجٹ کا دس فیصد بھی جا ری نہیں کیا جا سکا۔

ترقیاتی بجٹ کے اجراء کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال پی ایس ڈی پی کی مد میں727 ارب روپے مختص کیے گئے۔ چھ ماہ میں 258 ارب روپے 80 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کرنے کی اجازت تھی۔ وزراتوں اور ڈویژنز کے ترقیاتی منصوبوں پر 88 ارب 89 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے۔

موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کے لیے مختص 9ارب 50 کروڑ میں سے صرف 10 کروڑ 92 لاکھ استعمال ہوسکے۔ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے مختص 18 ارب 73 کروڑ میں سے 2ارب 64 کروڑ جاری کیے گئے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 44 ارب 71 کروڑ میں سے 5 ارب 18 کروڑ روپے استعمال کیے جا سکے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے لیے مختص 6 ارب 33 کروڑ میں سے 3 ارب 66 کروڑ روپے استعمال کیے جا سکے ہیں۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے مختص 13 ارب 32 کروڑ میں سے1 ارب 49 کروڑ روپے استعمال ہوئے۔

وزارت سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ کے منصوبوں کیلیے مختص 5 ارب 71 کروڑ میں سے 63 کروڑ روپے استعمال کیے جا سکے ہیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے مختص 117 ارب 25 کروڑ میں سے 25 ارب 87 کروڑ خرچ، ایرا کے ترقیاتی منصوبوں پر 20 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔

ایک خبر ایجنسی کے مطابق پلاننگ کمیشن کے مطابق حکومت نے کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لیے مختص87 ارب روپے میں سے 11 ارب ایک کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز خرچ کردیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔