نیو کراچی میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر بزرگ شہری قتل

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 جنوری 2023
جاں بحق بزرگ شہری کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

جاں بحق بزرگ شہری کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

  کراچی: نیو کراچی میں گھر کے باہر رقم چھینے کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے ماردیا، ڈکیتی میں مزاحمت پر صرف جنوری میں اب تک 7 شہری قتل ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران شہریوں کی ہلاکت کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے، وارداتوں پر قابو پانے کے لیے پولیس کی تمام حکمت عملیاں بے سود ثابت ہورہی ہیں۔

منگل کی صبح بلال کالونی تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو ای اپنا شادی ہال کے قریب واقع مکان نمبر 10/11 کے باہر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک بزرگ شہری کو قتل کردیا۔ بزرگ کی شناخت 55 سالہ حاجی عبدالعزیز ولد نور محمد کے نام سے ہوئی، مقتول کی کورنگی پانچ نمبر پر پرچون کی بڑی دکان ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی آفتاب عباسی نے بتایا کہ مقتول کے پاس سے پولیس کو 64 ہزار روپے ملے ہیں جبکہ مقتول کا موبائل فون گھر پر ہی موجود تھا، پولیس ڈکیتی میں مزاحمت اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے، پولیس کو جائے وقوع سے تیس بور پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب مقتول کے بیٹے عارف نے بتایا کہ والد کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، والد گھرسے باہرنکلے ہی تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان آگئے، ملزمان نے والد سے رقم چھینے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی، فائرنگ کی آواز سن کر گھر سے باہر آیا تو ملزمان فرار ہو رہے تھے۔

بیٹے نے بتایا کہ ان کے گھر میں تعمیراتی کام چل رہا ہے، والد مزودروں کو پیسے دینے کیلیے جارہے تھے، ملزمان نے ایک ہوائی فائر کیا اس کے بعد والد کے سر پر گولی ماردی، والد کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال لائے۔

مقتول کے سوگواران میں بیوہ اور 7 بچے شامل ہیں، مقتول حاجی عبدالعزیز کے اہل خانہ نے بتایا کے نیو کراچی بلال کالونی تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں نے شہریوں کا جینا مشکل کیا ہوا ہے اور ایک روز قبل ہی علاقے میں بیکری میں لوٹ مار کی گئی، گھروں سے نکلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، کوئی بھی محفوظ نہیں ہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی کا کردارادا کر رہی ہے ، ہمیں بتایا جائےکہ ہماری جان و مال کو کون تحفظ فراہم کرے گا؟

دریں اثنا سائٹ اے تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن میٹرولائن اسپتال کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 22 سالہ عین اللہ ولد عبدالعزیز کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص افغان شہری ہے اور نان بائی کا کام کرتا ہے، انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 17 دنوں میں 7 شہریوں کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ابدی نیند سلا دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔