خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلیے سمری آج ارسال کرینگے، وزیراعلیٰ محمود خان

ویب ڈیسک  منگل 17 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واضح کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری آج ہی ارسال کریں گے۔

صوبائی کابینہ کے 86ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال انتہائی خوش اسلوبی سے گزرے جس کے لیے تمام کابینہ اراکین، حکومتی اور اپوزیشن اپم پی ایز اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں۔

محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ملکی مفاد میں خیبر پختونخوا اسمبلی آج ہی تحلیل کریں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پورے ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے، امپورٹڈ حکمرانوں کے باعث ملک میں عدم استحکام ہے اور کرپٹ ٹولے سے چھٹکارا ناگزیر ہو چکا ہے۔

دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں صوبائی اسمبلی آج ہی تحلیل کرنے کا فیصلہ ہوا، وزیراعلیٰ محمود خان آج رات 10 بجے گورنر کو سمری بھیج دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔