جامعہ کراچی کے طلبا کیلیے خوش خبری، 8 نئی بسوں کا اضافہ

عائشہ خان  منگل 17 جنوری 2023
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

  کراچی: جامعہ کراچی کے طالب علموں کو سفری سہولیات دینے اور آسانی فراہم کرنے کے لیے 8 نئی بسوں کا اضافہ کردیا گیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے منگل کے روز شعبہ ٹرانسپورٹ جامعہ کراچی کا دورہ کیااور شعبہ ٹرانسپورٹ جامعہ کراچی میں 08نئی بسوں کے اضافے کی تقریب کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کی نامساعد مالی حالات کے باوجود میری پوری کوشش ہے کہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بسوں کے اضافے سے طلبا و طالبات کو ملنے والی سفری سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے انچارج شعبہ ٹرانسپورٹ ڈاکٹر قدیر محمد علی اور ان کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

دریں اثناء ڈاکٹر قدیر محمد علی نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمودعراقی کو شعبہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام چلنے والی دیگر بسوں اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ناظم مالیات طارق کلیم،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ جامعہ کراچی سعید احمد شیخ ودیگر بھی موجودتھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔