بلوچستان سے بھاری مقدار میں منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2023
منشیات ڈرائیور سیٹ کے پیچھے کیبن میں بنے خفیہ خانوں سے برآمد ہوئی

منشیات ڈرائیور سیٹ کے پیچھے کیبن میں بنے خفیہ خانوں سے برآمد ہوئی

 اسلام آباد: اے این ایف نے بلوچستان سے بھاری مقدار میں منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت گڈاپ ٹاؤن کراچی کے قریب ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔ 186 کلو چرس بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جا رہی تھی، جو ڈرائیور سیٹ کے پیچھے کیبن میں بنے خفیہ خانوں سے برآمد ہوئی ۔ حکام نے پشین کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے ایس ایف کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں اے این ایف نے کراچی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے فلائٹ نمبر WY 324 سے مدینہ جانے والے ملزم سے 930 گرام ہیروئن برآمد کرکے  ہنگو کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ہنگو کے رہائشی 2 ملزمان سے 201 چرس بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے جو بیرون ملک اسمگل کرنے کی غرض سے لائے جا رہے تھے ۔

دوسری جانب اے این ایف اور اے ایس ایف کی باچہ خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پشاور پر ایک مشترکہ کارروائی میں فلائٹ نمبر QR 601 سے دوحا جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 53 گرام چرس برآمد کرکے بنوں کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر راولپنڈی اسکیم 3 کے قریب جہلم کے رہائشی ملزم سے 20 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

اے این ایف نے تمام کارروائیوں میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔