پی ٹی آئی استعفوں کے باوجود قومی اسمبلی کے 3 اہم عہدوں کی خواہاں

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2023
استعفوں کے باوجود قومی اسمبلی میں بڑی اپوزیشن جماعت ہیں، پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

استعفوں کے باوجود قومی اسمبلی میں بڑی اپوزیشن جماعت ہیں، پی ٹی آئی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اپنے کئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کے باوجود قومی اسمبلی کے تین اہم عہدے لینے کی خواہشمند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے مزید 34 اور شیخ رشید کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اور پارلیمانی لیڈر کے معاملے پر اسپیکر راجا پرویز اشرف سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں پرویز خٹک اور عامر ڈوگر کو ٹاسک  دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے آج رابطہ کیاجائے گا اور ان کی دستیابی کے مطابق ہی ملاقات کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسپیکر قومی اسمبلی سے 3 عہدے پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کرے گی۔

تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ 35استعفے منظور  ہونے کے باوجود پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں بڑی اپوزیشن جماعت ہے، اسی لیے اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر ، چیئرمین پی اے سی اور پارلیمانی لیڈر کے عہدے پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔