کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی 117 وارداتیں رونما، پولیس رپورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: ڈاکوؤں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں بسنے والے 117 شہریوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کردیا، اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شہر کے ساتوں اضلاع میں رونما ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے 7 اضلاع میں اسٹریٹ کرائم کی 117 وارداتیں رپورٹ ہوئیں, ایک روز کے دوران ہونے والی کرائم کی وارداتوں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ بھیجی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 117 واقعات رونما ہوئے جن میں 44 وارداتوں میں موبائل فون اور نقدی چھینی گئی، ایک کار چوری اور پانچ کاروں سمیت 55 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر چار افراد کو زخمی کیا جن میں ایک شان ولد اسلم کو بوٹ بیسن ضلع جنوبی، دوسرا دانش ولد عابد کو شاہراہ نورجہاں ضلع وسطی، تیسر ایس آئی شکیل اور ایس آئی جاوید کو ضلع وسطی میں جب کہ چوتھے رفاقت ولد منور کو عوامی کالونی ضلع کورنگی میں نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پولیس نےاسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ پانچ انکاؤنٹر کیے جس میں 13 اسٹریٹ کرمنلز/ چور زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے اور 13 ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

پولیس نے شہر بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 38 اسٹریٹ کرمنلز/چور، 22 ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر، ایک بھتہ خوری، 9 منشیات فروشی جب کہ 34 دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کراچی پولیس نے دن بھر میں 6 کار لفٹرز کو گرفتار کیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران 22 غیر قانونی پستول، دو کلو گرام چرس، پانچ چھینے گئے موبائل فون، 15 مسروقہ گاڑیاں جس میں ایک کار اور 14 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سٹی پولیس کو کومبنگ آپریشن جاری رکھنے اوراسٹریٹ کرائم کو کنٹرول میں لانے کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔