نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نے تین تین نام پیش کردیے

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے لیے اپوزیشن اور پرویز الہیٰ نے تین تین نام پیش کردیے، چھ رکنی کمیٹی کا اعلان اسپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن اور پی ٹی آئی و اتحادی جماعتوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے نام پر اتفاق نہ ہونے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے دونوں فریقین نے تین تین نام پیش کردیے ہیں۔

پرویز الہیٰ اور پاکستان تحریک انصاف نے کمیٹی کیلیے راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور پیپلزپارٹی کے سید حسن مرتضیٰ کے نام فائنل کیے ہیں۔

پارلیمانی کمیٹی 3 روز میں نگراں وزیراعلی کے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی، اگر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہو سکا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس ریفر کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں پرویز الہی سے راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال کی ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری اور صوبے کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی سربراہی میں کمیٹی اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم نے غیر جانبدار شخصیات کے نام نگراں وزیراعلیٰ کیلیے پیش کیے جبکہ اپوزیشن نے جانبدار شخصیات کے نام دے کر مذاق کیا اور سیاست چمکانے کی کوشش کی، اپوزیشن نگراں وزیراعلیٰ کے حوالے سے جو چاہتی ہے وہ پورا نہیں ہوگا۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ امید ہے نگراں کمیٹی وزیراعلیٰ سے متعلق کسی نتیجے پر پہنچ جائے گی، راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت پر مشتمل کمیٹی مذاکرات کرے گی، ہماری کوشش ہوگی وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے ہوجائے اور وہ وزیراعلیٰ آئے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔