عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے، رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک  جمعرات 19 جنوری 2023
عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے، وفاقی وزیر داخلہ۔ فوٹو:فائل

عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے، وفاقی وزیر داخلہ۔ فوٹو:فائل

 لندن: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے اس کی گرفتاری ہونی چاہیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاسی صورتحال اہم ہے، نواز شریف نے مشاورت کیلیے بلایا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے عمران خان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، وہ پارلیمنٹ میں نہیں آنا چاہتا، گند کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کرتوت سامنے آ گئے، اس نے اداروں کو بلیک میل کیا، جھوٹے مقدمات بنائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورا توشہ خانہ چوری کرکے بیچ دیا اور اب ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے، اس کی گرفتاری ہونی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جب کہ ہم پنجاب اسمبلی کے الیکشن کیلیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اگلا وزیر اعلیٰ مسلم لیگ ن سے ہوگا اور ہمارے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو ہی انتخابی ٹکٹ دیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہم ناکام نہیں ہوئے، ہمارے نمبر موجود تھے جب کہ پرویز الٰہی کہتے تھے لوگ اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب کا صدر ہوں، استعفیٰ مانگا تو نواز شریف کو دیدوں گا اور مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے صحافی کے سوال پر کہا کہ نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔