کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھاری غیرملکی سرمایہ کاری

آئی این پی  پير 7 اپريل 2014
بینک، مالیاتی اداروں ومقامی سرمایہ کاروں نے فروخت کو ترجیح دی،3 کروڑ 57 لاکھ ڈالرکی خریداری۔ فوٹو: آن لائن/فائل

بینک، مالیاتی اداروں ومقامی سرمایہ کاروں نے فروخت کو ترجیح دی،3 کروڑ 57 لاکھ ڈالرکی خریداری۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ بنک، مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں نے فروخت کو ترجیح دی۔

این سی سی پی ایل کے اعداد و شمار کے مطابق پیر سے جمعے تک بیرونی سرمایہ کاروں نے تین کروڑ ستاون لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی خریداری کی۔ بنکوں اور مالیاتی اداروں نے ستاون لاکھ تراسی ہزار ڈالر جبکہ مقامی سرمایہ کاروں نے ایک کروڑ اکانوے لاکھ ڈالر سے زائد کے شیئرز اور بانڈز فروخت کر دیے۔ دوسری جانب31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نے روپے کی قدر سے 8 فیصد جبکہ ڈالر کی قدر کے لحاظ سے  15 فیصد ترقی کی ہے۔

پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی شاندار کارکردگی نے اسے دنیا کی بہترین مارکیٹ بنا دیا ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار وہاج  احمد نے کہا ہے کہ اقتصادی اشاریوں کی بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نتیجے میں مارکیٹ کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے  جبکہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ہونے والی بہتری بھی ملکی اسٹاک مارکیٹ کی مضبوطی کی وجہ بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں کے دوران پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔