ضلع خیبر میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 2 اہلکار شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 19 جنوری 2023
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تختہ بیگ میں دہشت گرد نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

حملے اور خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے، جن کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء اور دیگر شواہد اکٹھے کئے۔

ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر عمران خان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، پولیس کے الرٹ رہنے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔

قائم مقام وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور جائے وقوعہ پر اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ خودکش حملے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کا شہید ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و تحمل کی دعا بھی کی۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے مسلم ڈھنڈ میں دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ دستی بم چیک پوسٹ کے قریب گر کر پھٹا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔