میئر کراچی؛ زرداری مافیا سے بات نہیں ہوگی، جماعت اسلامی سے رابطہ ہے، علی زیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

  کراچی: پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ میئر کراچی کے سلسلے میں زرداری مافیا سے بات نہیں ہوگی، ہمارا جماعت اسلامی سے رابطہ ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی حکومت کے لیے حافظ نعیم سے رابطہ ہے۔ کل وہ ہمارے پاس آ رہے ہیں۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ دفن ہوچکی ہے۔ اب جو ہے وہ زرداری مافیا ہے اور زرداری مافیا سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ ہمارا جماعت اسلامی سے رابطہ ہے۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈی آر او آفس کیماڑی کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔