بی جے پی رہنما پرخواتین کھلاڑیوں سے زیادتی کا الزام، بھارتی ریسلرز سراپا احتجاج

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جنوری 2023
خواتین کوجنسی ہراساں کرنے کیخلاف احتجاج میں مرد ریسلرز بھی شامل ہیں:فوٹو:انٹرنیٹ

خواتین کوجنسی ہراساں کرنے کیخلاف احتجاج میں مرد ریسلرز بھی شامل ہیں:فوٹو:انٹرنیٹ

نئی دہلی: بھارت میں بی جے پی رہنما اور ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کی جانب سے خواتین ریسلرز کو جنسی ہراساں کرنے پر احتجاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا( ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اوربے جے پی کے رہنما برج بھوشن شرن سنگھ کی جانب سے مبینہ طورپر متعدد خواتین ریسلرکو جنسی طورپرہراساں کرنے کیخلاف بھارت کے ریسلرز نے عالمی مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دارالحکومت نئی دہلی میں اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمز سمیت دیگر عالمی مقابلوں میں  بھارت کے لیے گولڈ اور سلورمیڈل جیتنے والے ریسلرز کئی روز سے احتجاج کررہے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں میں مرد ریسلرز بھی شامل ہیں۔

احتجاج میں شامل گولڈ میڈلسٹ خاتون ریسلر وینیش پھوگٹ نے کہا کہ مظاہرے میں شریک تمام خواتین ریسلرز کسی نا کسی سطح پر جنسی ہراسیت کا سامنا کرچکی ہیں۔ایتھلیٹس بربھوشن سنگھ کو برطرف کرنےاور دیگر مطالبات کی منظوری تک کسی بھی نیشنل یا انٹرنیشنل مقابلے میں حصہ نہیں لیں گے۔

خواتین ریسلرز نے مرد کوچز پربھی جنسی طورپر ہراساں کرنے اور دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے۔

دوسری جانب ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ نے اپنے اوپر لگنے والے  الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنسی ہراسیت کا ایک کیس بھی ثابت ہوجائے تو وہ پھانسی پرچڑھنے کو تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔