پشاور میں ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف کے گھر پر دستی بم سے حملہ

پشاور:ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف جمشید باغوان کے گھر پر بم حملے سے متاثر ہونیوالا دروازہ۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاور:ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف جمشید باغوان کے گھر پر بم حملے سے متاثر ہونیوالا دروازہ۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاور: پشاورتھانہ یکہ توت کی حدودطائف آبادمیں علی الصبح نامعلوم تخریب کاروں نے ایکسپریس نیوز چینل کے پشاورمیں بیوروچیف کے گھرپردستی بم حملہ سے کردیاجس میں ان کے گھر کو جزوی نقصان پہنچاتاہم جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

بیوروچیف جمشید باغوان نے تھانہ یکہ توت میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روزعلی الصباح نامعلوم تخریب کاروں نے ان کے گھر پردستی بم پھینکاجس کے پھٹنے سے زورداردھماکاہوا،گھرکے مین گیٹ اوربیرونی دیوارکوجزوی نقصان پہنچا،دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔واضح رہے کہ چندروز قبل بھی جمشیدباغوان کے گھر کے قریب نصب بم ناکارہ بنایا گیا تھا۔

ادھر پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس نے ایکسپریس نیوز پشاورکے بیوروچیف جمشیدباغوان کے گھر پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیاہے، پشاور پریس کلب کے صدر ناصر حسین، جنرل سیکریٹری فداعدیل، خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر نثار محمود اور جنرل سیکریٹری طارق آفاق نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ آزادی صحافت پرحملہ ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

صحافیوں کو تحفظ دینا حکومت کی ذمے داری ہے اورحکومت اپنی یہ ذمے داری احسن طریقے سے پوراکرے،انھوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ میڈیاہائوسزاورصحافیوں کے تحفظ کیلیے عملی اقدامات اٹھانے سمیت جمشید باغوان پرحملے کی فوری تحقیقات کراوئی جائیں بصورت دیگرصحافی برادری احتجاج پرمجبور ہوگی۔دریں اثناایکسپریس نیوز کے اینکرامتیاز عالم اور ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف جمشیدباغوان پرحملوں کے خلاف آج پیرکودوپہر ساڑھے12بجے خیبر یونین آف جرنلسٹس اورپشاور پریس کلب کے زیر اہتمام مظاہرہ کیاجائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔