نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بحران کیوجہ سے استعفیٰ دیا، احسن اقبال

دعا عباس  جمعـء 20 جنوری 2023
 (فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کوٹری / کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پوری دنیا معاشی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے استعفیٰ دیا، ہم پاکستان کو ملکر اس بحران سے نکالیں گے۔

کوٹری میں مہران یونیورسٹی کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں جس کے بعد پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا اور ہم مل کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، ہماری حکومت نے2013 میں پاکستان کی انجیرنگ یونیورسٹیوں کیلے جو منصوبے شروع کیے تھے وہ آج تکمیل کو پہنچ رہے ہیں، آج کل کے دور میں بجلی اور توانائی ہی نہیں بلکہ انٹرنیٹ بھی اہم ضرورت بن چکا ہے

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی یونیورسٹیز کو اپ گریڈ کرنے کا پروگرام شروع ہوگیا ہے، میں نے وائس چانسلرز سے کہا ہے کہ ہمارے ہمسائے ملک کا ادارہ آئی آئی ٹی جب برانڈ بن سکتا ہے تو ہمارا کیوں نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اداروں کی پہچان ہو ، پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے نوجوان ہیں جو نئی تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے دس ارب روپے سے لیپ ٹاپ اسکیم کو دوبارہ سے شروع کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے طالب علموں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، ماضی میں ہم نے جب لاکھوں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے تو ون ملین پلس لیپ ٹاپ دینے سے یہ ہوا کہ انہوں نے پاکستان کو فری لانسنگ ممالک کی فہرست میں شامل کروایا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب کوئی کشتی طوفان میں گھری ہوتی ہے تو وہ اسی صورت ساحل پر پہنچتی ہے جب اس میں سوار ہر شخص اپنا کردار ادا کرے لیکن اگر طوفان میں گھری کشتی میں سب ایک دوسرے کو نقصان پہنچائے تو ایسی صورت میں  کشتی ڈوب جاتی ہے، ہم ملک کر پاکستان کو مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولرائزیشن کی نہیں یکجہتی اتحاد کی ضرورت ہے، مجھ پر جس نوجوان نے گولی چلائی تھی وہ اس کے ذہن کے اندر بھرنے والی نفرت کی گولی تھی ،  کوٹری: یہ نفرت انسان کو جانور بننے کی طرف لے جاتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے، ایک سازش کے تحت ریجیم تبدیل کی گئی، جو حکومت آئی وہ چار بار وزیر خزانہ تبدیل کر چکی، کمپیوٹر میں جب وائرس آجاتا ہے تو وہ اس کو خراب کر دیتا ہے بلکل اسی طرح ہمارے سسٹم میں بھی وائرس آیا، جب انسانوں میں نفرت کا وائرس بھر جائے تو وہ بے کار ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، جمہوریت یہ ہے کہ ایک دوسرے کو سنیں، ہم نے کہا تھا کہ جب آپ ایک اناڑی کو گاڑی کی سواری دیں گے تو وہ منزل پر لے کر نہیں جائے گا، ہم ملک کی معیشت کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی استحکام ہو۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ ہم نے آتے ہی سی پیک کے منصوبہ کیلئے کام شروع کیا تو عمران خان نے دھرنوں کا اعلان کر دیا ، پھر اتنی بڑی تباہی آئی سیلاب سے دنیا کا دل پگھل گیا لیکن عمران خان دھرنے دیتے رہے، جنیوا میں عالمی ممالک نے پاکستان کیلیے دس ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا پھر جب عمران خان نے دیکھا کہ معیشت بحال ہونے لگی ہے تو انہوں نے پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑ دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک شخص اپنی ناکامیوں کا بدلہ پاکستان سے لے رہا ہے، عمران خان کی ضد اور انا ملک سے بڑی ہے؟ اگر کوئی سمجھے کہ میری حقیقت ہے اور باقی سب چور ڈاکو ہیں تو پھر گنجائش ہی نہیں رہ جاتی، اگر ہم سب کی رائے کو سمجھیں تو ملک کو آگے کی طرف لے جا سکتے ہیں، پاکستان کو ایسے انجینئرز کی ضرورت ہے جو اس کو ترقی کی راہ پر لے کر جا سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ڈالر کمانے کی صلاحیت پیدا نہیں کی، ہمیں آگے بڑھنا ہے تو ہمیں جاپان، ملائشیا و دیگر ممالک کی طرح اپنے ایکسپورٹ کو فروغ دینا ہے، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا انشاء اللہ ہم وہ دور دوبارہ لائیں گے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، اگر الیکشن ہوئے تو اس میں بھرپور حصہ لیں گے، یہ آئینی سوال الیکشن کمیشن کو دیکھنا پڑے گا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ فیصلہ کر چکی ہے کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہو، کیا پاکستان کے پاس اتنی خلا ہے کہ بے یقینی کی کیفیت میں ڈال دیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بحران میں ہے جس کے لیے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے استعفی دے دیا ، پوری عالمی معیشت بد ترین بحران میں ہے جس کے نتائج پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، مگر ہم معاشی اصلاحات کے راستے پر چلتے ہوئے ملک میں استحکام لائیں گے اور پھر اگلا الیکشن کروائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔