وزارت پٹرولیم کی ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق خبروں کی تردید

کاشف حسین  جمعـء 20 جنوری 2023
 فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

  کراچی: وزارت پٹرولیم نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں تیل کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں اور کسی قسم کی قلت کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وزارت پٹرولیم کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) اور تیل کی ترسیل کرنے والی دیگر کمپنیوں کے پاس پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور دیگر اقسام کی پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔

وزارت کے مطابق ڈیزل کی مقدار پوری حد کے مطابق موجود ہے لہذا عوام افواہوں، قیاس آرائیوں اور گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ وزارت پٹرولیم نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ایسے حساس عوامی معاملات سے متلعق افواہوں کو خبر نہ بنائے۔

ایندھن کی قلت کی خبریں بے بنیا ہیں، پی ایس او

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مخصوص دنوں کے کور کے مطابق ہمارے پاس طلب اور رسد کا بڑا اسٹاک موجود ہے، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے مجموعی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران کا خدشہ، آئل کمپنیز نے حکومت کو خط لکھ دیا

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کو بغیر کسی رکاوٹ کے برقرار رکھا جائے گا، قومی ادارے کی حیثیت سے پاکستان اسٹیٹ آئل قوم کو ایندھن اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ایس او ملک بھر میں اپنے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔