پی ایم ڈی سی کی بحالی کا نوٹی فکیشن جاری

رضیہ خان  جمعـء 20 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان میڈیل اینڈ ڈینٹل کونسل بل 2022 کی توثیق کے بعد بحال کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کے تاحکم ثانی رجسٹرار ڈاکٹر سلمان احمد ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق پی ایم ڈی سی بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور ہونے کے بعد صدر مملکت کے دستخطوں کے بعد عمل میں آیا۔

پی ایم ڈی سی بل کے فعال ہونے کے بعد تمام تر ضروری اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ نئی کونسل کی تشکیل ہونے تک کونسل کے معاملات وفاقی وزارت صحت دیکھے گی ۔صدر عارف علوی نے پاکستان میڈیل اینڈ ڈینٹل کونسل بل 2022 کی توثیق کی تھی، بل کی توثیق آئین کےآرٹیکل 75 کے تحت کی گئی تھی۔

صدر عارف علوی کی جانب سے بل کی توثیق کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 41 صفحات پر مشتمل گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ پی ایم ڈی سی کے تمام قسم کے سرٹیفکیٹس ضروری تبدیلوں کے بعد ایک ہفتے کے اندر جاری کرنا شروع کردیئے جائینگے۔

پی ایم ڈی سی کی بحالی پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اسے اپنی فتح قرار دیتے ہوئے جشن بھی بنایا۔ ملازمین نے ہیڈ آفس کی چھت پر آتش بازی بھی کی۔

نوٹی فکیشن جاری ہوتے ہی پی ایم سی کا بورڈ اور فونٹ تبدیل کردیا گیا جبکہ تمام قسم کے سرٹیفکیٹس ضروری تبدیلوں کے بعد ایک ہفتے کے اندر جاری کرنا شروع کردیئے جائیں گے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں تعیناتیاں بھی شروع ہوگئیں جبکہ ڈاکٹر سلمان اِحمد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تاحکم ثانی رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سلمان احمد ڈائریکٹر فنانس، اکاونٹس پاکستان میڈیکل کمیشن تعینات تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔