اعظم خان نے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جنوری 2023
گورنر کے پی کے حاجی غلام علی، اعظم خان سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو گریب)

گورنر کے پی کے حاجی غلام علی، اعظم خان سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو گریب)

 پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمد اعظم خان کو صوبے کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا، اعظم خان نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

محمد اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا نے آج صبح ہی اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی کے اعلامیے پر دستخط کیے۔

مزید پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کل متوقع، پی ٹی آئی کا محسن نقوی کے نام پر اعتراض

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس میں شام سوا چار بجے منعقد ہوئی جس میں گورنر نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

اعظم خان وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سیکریٹریٹ پہنچے تو انہیں پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے زرداری کے فرنٹ مین کا نام دیا گیا، عمران خان

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے مگر ہم کوشش کریں گے کہ امن کو قائم رکھیں، وفاقی حکومت کے ساتھ خیبر پختونخوا کے بقایاجات کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے، این ایف سی، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈز کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے، کوشش کریں گے کہ بہتر اور غیر متنازع طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں، وزیر اعلیٰ

واضح رہے کہ نگران وزیرعلیٰ کی تقرری ، وزیراعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے اتفاق رائے سے کی تھی۔ اعظم خان سینئر بیوروکریٹ اور صوبے کے سابق چیف سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ ان کا تعلق چارسدہ سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔