پچز سے متعلق رمیز راجا کی رائے مسترد کر دی گئی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2023
بیان پر حیران رہ گیا، راولپنڈی کی پچ سے کیوں چھیڑ چھاڑ کی گئی،شاہد آفریدی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

بیان پر حیران رہ گیا، راولپنڈی کی پچ سے کیوں چھیڑ چھاڑ کی گئی،شاہد آفریدی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

کراچی: پچز سے متعلق سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی رائے مسترد کر دی گئی۔

سابق کپتان اور حال ہی میں پی سی بی کی چیئرمین شپ سے برطرف ہونے والے رمیز راجہ بدستور ڈراپ ان پچز کی وکالت میں مصروف ہیں، ان کی پاکستانی پچز سے متعلق رائے پر کافی حیرت بھی ظاہر ہو رہی ہے۔

حال ہی میں رمیز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں ٹیسٹ میچ پچ کو اب تک ڈی کوڈ نہیں کرپایا، انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں راولپنڈی کی پچ نے مجھے کافی مایوس کیا، اسی لیے میں ڈراپ ان پچز کا حامی ہوں کیونکہ اس سے آپ ملتان یا کراچی جہاں بھی کھیلیں ایک جیسی پچ ملے گی، پنڈی کی پچ میں کوئی باؤنس نہیں تھا، میں نہیں جانتا کہ ایسا کیوں ہوا۔

اس پر سابق کپتان اور حال ہی میں عبوری چیف سلیکٹر کی ذمہ داری نبھانے والے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ جس طرح رمیز راجہ نے بات کی میں تو سن کر ہی حیران رہ گیا ، ہم کیوں اچھی پچز تیار نہیں کرسکتے؟ پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کافی عرصے سے ہورہے ہیں اور ہم اس طرح کی باتیں کررہے ہیں، رمیز نے کہا کہ وہ ٹرننگ ٹریک چاہتے تھے میں سمجھتا ہوں کہ اس موسم میں ہم کچھ بڑا کرسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اور ون ڈے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر 5 روزہ پچ کی تیاری میں ہم بدستور کافی پیچھے ہیں، پنڈی کی پچ ہمیشہ ہی فاسٹ بولرز کیلیے معاون رہی پھر اس کو تبدیل کردیا گیا، میں نے وہاں پر کبھی اس قسم کی پچ نہیں دیکھی، وہاں پر کئی فرسٹ کلاس میچز ہوئے مگر اس بار جس طرح کی فلیٹ پچ تھی وہ پہلے کبھی نہیں رہی، اس کو دیکھ کر مجھے فیصل آباد اور سیالکوٹ کی پچز یاد آرہی تھیں۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کے 4 بڑے وینیوز ملتان، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہمیشہ ہی فاسٹ بولرز کو بائونس کی وجہ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا ، خاص طور پر راولپنڈی سے بڑی تعداد میں پیسرزکے سامنے آنے کی بھی یہی بڑی وجہ رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔