وزیر داخلہ نے مریم نواز کی وطن واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا

ویب ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2023
مریم نواز (فوٹو فائل)

مریم نواز (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے مریم نواز کی وطن واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ چیف آرگنائزر مریم نواز 28 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز 27 جنوری کو لندن سے دبئی کے لیے روانہ ہوں گی اور 28 جنوری کی شام 5 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گی۔

واضح رہے کہ مریم نواز 6 اکتوبر کو بیرون ملک روانہ ہوئی تھیں جبکہ 6 جنوری کو نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا تھا کہ مریم نواز کا جینیوا میں گلے کا تین گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔ مریم نواز سرجری کیلیے اپنے والد کے ہمراہ لندن سے جینیوا پہنچی تھیں۔

اس سے قبل، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کا تنظیمی فیصلہ کرتے ہوئے مریم نواز کو سینیئر نائب صدر بھی مقرر کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔