بھارتی رویے سے نالاں؛ پی سی بی آج ایشیا کپ سے متعلق اہم پالیسی بیان جاری کرے گا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے سے نالاں پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے آج اہم پالیسی بیان جاری کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے سے نالاں پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے آج اہم پالیسی بیان جاری کرے گا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی آج پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس شیڈول ہے جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی دورہ متحدہ عرب امارات میں انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل، بھارتی آفیشلز اور دوسرے حکام کے ساتھ ملاقاتوں کی تفصیلات شئیر کریں گے۔

ٹیم مینجمنٹ کی تقرری اور کپتانی کے معاملات پر بھی لائحہ عمل پر بریف کریں گے اور قومی ٹیموں کی سینئرز اور جونئیر سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

افغانستان کی طرف سے تین ون ڈے میچز مارچ میں کھیلنے کی آفر پر نجم سیٹھی ردعمل دیں گے، پی سی بی میں اہم تقرریوں کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سمیت دوسرے امورز پر اپ ڈیٹ بھی پریس کانفرنس کا حصہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔