اے این ایف کی کارروائیاں؛ طورخم بارڈر سے بھارتی ساختہ ہزاروں نشہ آور گولیاں برآمد

ویب ڈیسک  پير 23 جنوری 2023
مختلف شہروں سے اے این ایف کی کارروائیوں میں بھاری مقدات میں منشیات برآمد کی گئی

مختلف شہروں سے اے این ایف کی کارروائیوں میں بھاری مقدات میں منشیات برآمد کی گئی

 اسلام آباد: اے این ایف نے طورخم بارڈر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ساختہ 17 ہزار 700 نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات کے آپریشنز جاری ہیں، اس سلسلے میں نارتھ ناظم آباد کراچی کے رہائشی ملزم سے 10 کلو 800 گرام چرس برآمد  کرلی گئی ہے۔ گرفتار ملزم دیگر مقدمات میں بھی مطلوب اور اشتہاری ہے۔

دوسری جانب اے این ایف اور ایف سی نے تفتان (بلوچستان ) میں مشترکہ کارروائی  کرتے ہوئے 350 کلو افیون اور 200 کلو چرس برآمد کرلی۔ علاوہ ازیں کچلاک روڈ کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کار سے 54 کلو چرس برآمد  کرکے نوشکی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اُدھر زیرو لائن طورخم بارڈر کے قریب کارروائی میں بھارتی ساختہ 17700 نشہ آور گولیاں برآمد  کرلی گئیں۔

اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں 2 مشترکہ کارروائیوں میں  پلاسٹک کے تھیلوں سے 52 کلو 500 گرام چرس اور 3 کلو 500 گرام آئس برآمد  کرلی گئی۔ اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 120 کلو افیون اور 60 کلو چرس برآمد  کرکے 3 ملزمان کو گرفتار  کرلیا گیا ہے، جن میںایک  خاتون بھی شامل ہے۔

راولپنڈی اولڈ ائرپورٹ کے قریب واقع نجی کوریئر آفس میں کینیڈا کے لیے بک کروائے گئے پارسل سے 445 گرام ہیروئن برآمد  کرلی گئی، جو کہ نمک کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔ کوٹ لکھپت لاہور کے قریب واقع نجی کوریئر آفس میں امریکا بھیجے جانے والے پارسل سے 880 گرام کیٹامائن برآمد  کرلی گئی جو گفٹ اور صابن کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔

سیالکوٹ ائیرپورٹ سے دبئی جانے والے ملزم کے بیگ سے 1 کلو 514 گرام ہیروئن برآمد  کرکے گجرات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف حکام نے گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔