کراچی میں درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ

ویب ڈیسک  پير 23 جنوری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: شہر میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، حالیہ سردی کی لہر بدھ تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کو شہر میں سرد اور خشک موسم ریکارڈ ہوا، سمندری ہوائیں بند ہوئیں جب کہ بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ رہا، کم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری گرگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ 23.3 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت معمولی دھند کے سبب حد نگاہ 5 کلومیٹر رہی۔

بلوچستان کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 27 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، تاہم شام کے وقت ہواؤں کی رفتار کم ہوکر 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جنوری کو شہر میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، شہر کے موسمیاتی ڈیٹا ریکارڈ کرنے کے حامل ویدر اسٹیشن پر کم سے کم درجہ حرارت 8 ریکارڈ ہوا تاہم جناح ٹرمینل پر 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

دیگر ویدر اسٹیشن پر سردی کی شدت ریکارڈ ہونے سے متعلق اعدادوشمار کے مطابق میٹ کمپلیکس (کراچی) 8.4، پی اے ایف بیس مسرور9، پی اے ایف بیس فیصل 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

اسی طرح دیہی سندھ میں سب سے کم درجہ حرارت دادو میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، خیرپور4.2، پڈعیدن اور موہنجودڑو میں 4.5، مٹھی، ٹنڈوجام میں 5، سکرنڈ50.5، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بے نظیرآباد6، چھور، روہڑی6.5، بدین، ٹھٹھ 8، حیدرآباد 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ارلی وارننگ سینٹرکے جاری کولڈ ویو الرٹ کے مطابق سردی کی موجودہ لہر 28جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے، اس دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت کہیں پر 2 اور کہیں پر 3 ڈگری تک گرسکتا ہے جب کہ کراچی، حیدرآباد، بدین، سجاول اور ٹھٹھ میں اس دوران 6 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔