عمران خان نے کل سے ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی

ویب ڈیسک  پير 23 جنوری 2023
—(فوٹو فائل)

—(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیے جانے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کل سے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

اپنے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں، کل سے مظاہرے شروع کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: محسن نقوی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج کریں گے، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹ کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ انتشار نہ ہونے دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ یہ الیکشن میں ہمیں ہرا نہیں سکتے، اس لیے الیکشن نہیں کراتے، ہمارے مخالف لوگوں کا اب ایک پوائنٹ ایجنڈا ہوگا پی ٹی آئی کو کیسے دبانا ہے، یہ تب الیکشن کرائیں جب انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری مسترد، پرویز الہیٰ کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جنرل باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، توشہ خانہ کا کیس سب سے بڑا مزاق تھا، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کیا تو کہتے ہیں کہ سیکرٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔