ڈالر کی مصنوعی قلت میں ملوث 8 منی ایکسچینج کے 11 آؤٹ لیٹس کے لائسنس معطل

ارشاد انصاری  پير 23 جنوری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور اپنے کاوٴنٹرز پر دستیاب ہونے کے باوجود اپنے صارفین کو غیرملکی کرنسیوں کی فروخت سے انکار کرنے میں مبینہ طور پر ملوث آٹھ ایکسچینج کمپنیوں کے گیارہ آوٹ لیٹس کے لائسنس معطل کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ریگولیٹری ہدایات کی خلاف ورزیوں پر ان آؤٹ لیٹس کے لائسنس پندرہ دنوں کے لیے فوری طور پر معطل کردیئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی ٹیم کے ممبران نے ایکس چینج کمپنیوں کے آوٴٹ لیٹس پر جا کرخود کو بطور صارف ظاہر کرکے کرنسی حاصل کرنے کی کوشش کی جس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ مذکورہ آوٴٹ لیٹس اپنے کاوٴنٹرز پر دستیاب ہونے کے باوجود اپنے صارفین کو غیر ملکی کرنسیوں کی فروخت سے انکار کر رہے تھے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ تمام گیارہ آوٴٹ لیٹس کو معطلی کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔