رینجرز و پولیس کی مشترکہ کارروائی؛ پانچ ڈاکوؤں گرفتار، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

ویب ڈیسک  پير 23 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

  کراچی: سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ابراہیم حیدری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرابراہیم حیدری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی میں ملوث ملزم محمد عادل کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ایمونیشن، 3 چوری شدہ موٹر سائیکل اور 7 موبائل فونز بھی برآمد کرلیے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونزاور موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری پولیس نے ریڑھی روڈ چھوٹا سی ویو کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو پولیس کی حراست میں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت پرویز ولد حاجی فرقان اور عقیل ولد محمد صدیقی کے نام سے کی گئی، ملزمان سے 2 پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

شاہ لطیف پولیس نے قائدآباد ماروی گوٹھ سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو پولیس کی حراست میں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ شہباز اشرف ولد رفیق اور 25 سالہ کاشف عرف ٹرک ولد شیر خان کے نام سے کی گئی، ملزمان سے 2 پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم ، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔