شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہ لینا پڑے اسلیے راجہ ریاض کو بچایا جا رہا، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 24 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہ لینا پڑے اس لیے راجہ ریاض کو بچا رہے ہیں، یہ لوٹوں کے سہارے پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کا جس طرح سے ان لوگوں نے مذاق بنایا ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی اسپیکر کو جب پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان آرہے ہیں وہ جوتے چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں ایسا  لگتا ہے پارلیمنٹ کے اندر کوئی سرنگ بنائی ہے جہاں سے وہ خفیہ طور پر فرار ہوجاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت یہ الیکشن کروائیں گے تو کم از کم 15 سے 18 ارب روپے درکار ہیں، صورتحال اتنی خراب ہے کہ یہ عام انتخابات کی طرف جائیں گے کیونکہ اسمبلی تو اس وقت صرف ربڑ اسٹیمپ بن کر رہ گئی ہے۔

مزید پڑھیں؛ پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین کے استعفے منظور

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال اور بداعتمادی کے ساتھ یہ حکومت کتنے دن مزید چلے گی؟ الیکشن کمیشن بے چارہ ایک کٹھ پتلی ہے اور میرا خیال ہے یہ کچھ نہیں کر سکتے۔ الیکشن کمیشن کے پاس لکھا ہوا فیصلہ آتا ہے وہ پڑھ دیتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے حالات پہلے ہی خراب ہیں جس کے بحران کا حل الیکشن کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے احتجاج میں کبھی جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوا، پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں پرامن احتجاج کرے گی۔ آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنے حقوق  کے لیے جدوجہد کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔