اسلام آباد ائیرپورٹ پر سیکورٹی ناکامی، ایپرن سے مشکوک شخص گرفتار

صالح مغل  منگل 24 جنوری 2023
ائیر ٹریفک کنٹرولر کی نشاندہی پر ویجیلنس اسٹاف نے مشکوک شخص کو تحویل میں لے لیا جس سے چھان بین جاری ہے۔

ائیر ٹریفک کنٹرولر کی نشاندہی پر ویجیلنس اسٹاف نے مشکوک شخص کو تحویل میں لے لیا جس سے چھان بین جاری ہے۔

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سیکورٹی کی بڑی ناکامی، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے حفاظتی انتظامات کی قلعی کھل کر سامنے آگئی۔

مشکوک شخص تمام سیکورٹی حصار پار کرتا ہوا ائیرسائیڈ پر رن وے کے قریب ایپرن تک جا پہنچا ۔ ائیر ٹریفک کنٹرولر کی نشاندہی پر ویجیلنس اسٹاف نے مشکوک شخص کو تحویل میں لے لیا جس سے چھان بین جاری ہے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر سیکورٹی کا بڑا بریچ 22 جنوری کی شب سامنے آیا جب شلوار قمیض ، سر پر ٹوپی اور دو مختلف رنگوں کی جیکٹیں پہنے مشکوک شخص اچانک ایئر سائیڈ پر رن وے کے قریب ایپرن میں موجود پایا گیا جس کی حرکات دیکھ کر ائیر ٹریفک کنٹرول کے عملے نے حکام اور سول ایوی ایشن کے ویجیلینس اسٹاف کو آگاہ کیا ۔

مشکوک شخص کی اچانک ائیرسائیڈ پر موجودگی پر سیکورٹی حکام میں کھلبلی مچ گئی۔ سی اے اے ویجیلنس کے عملےنے اسے قابو کر کے ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر کے دفتر منتقل کیا اور ابتدائی چھان بین کے بعد ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے حوالے کردیا اور اس سے تاحال چھان بین جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا مشکوک شخص سے کسی قسم کی شناختی دستاویز بھی نہ ملی ، وہ اپنے مختلف نام اور رہائشی علاقہ ڈیرہ غازی خان بتاتا ہے ۔

مشکوک شخص تمام سیکورٹی حصار پار کرکے ایپرن جیسے حساس ایریا تک کیسے پہنچا ، اس حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ پر متعین انٹیلیجنس اداروں نے اے ایس ایف عملے کی مبینہ غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے انسیڈینٹ رپورٹ بھی اتھارٹیز کو ارسال کردی ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشکوک شخص کے پاس کسی قسم کی شناخت نہ تھی اور وہ ذہنی طور پر بیمار محسوس ہوتا ہے تاہم وہ حساس علاقے تک کیسے پہنچا اس حوالے سے تحقیقات ضروری ہیں۔

ترجمان ائیرپورٹ سیکورٹی فورس سے رابطہ کیاگیا تو وہ واقعے سے انکاری رہے اور برملا یہ کہہ دیا کہ ایسا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں جبکہ مشکوک شخص کو پولیس کے حوالے بھی نہیں کیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔