امریکا؛ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 7 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 24 جنوری 2023
کیلی فورنیا پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، فوٹو: فائل

کیلی فورنیا پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، فوٹو: فائل

کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے مونٹیری پارک میں فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد کی ہلاکت کے ایک روز بعد شہر ہاف مون میں فائرنگ کے واقعے میں مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر ہاف مون بے کے فارم ہاؤس میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 7 افراد کھیتوں میں کام کرتے تھے۔

پولیس نے ملزم کو پارکنگ میں اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کی گاڑی سے پولیس کو ایک خودکار پستول بھی ملی۔ قتل کے محرکات کا تعین نہیں ہوسکا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا؛ ڈانس پارٹی پر فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کرنے والے کی لاش مل گئی 

مسلح شخس نے فائرنگ فارم ہاؤس میں دو الگ الگ مقامات پر کی تھی۔ پولیس کو ایک مقام سے 3 اور دوسرے مقام سے 4 لاشیں اور ایک شدید زخمی شخص ملا تھا۔

سان میٹیو کاؤنٹی شیرف کرسٹینا کارپس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 67 سالہ چونلی ژاؤ کے نام سے ہوئی ہے جو جائے وقوعہ کے نزدیک ہی ایک فارم ہاؤس میں کام کیا کرتا تھا۔

ایک روز قبل کیلی فورنیا میں ہی چین کے سال نو کی مناسبت سے ہونے والی ڈانس پارٹی پر 72 سالہ شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کردیا تھا اور خود بھی اپنی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا میں چین کے سالِ نو کی ڈانس پارٹی پر فائرنگ؛ 10 افراد ہلاک 

واضح رہے کہ امریکا میں سال کے پہلے مہینے کے ابتدائی 21 دنوں میں فائرنگ کے 38 بڑے واقعات ہوئے اور ہر واقعے میں کم سے کم 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اکثر واقعات میں ملزم بھی ہلاک ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔