آئی ایم ایف کو پیغام دے دیا کہ شرائط ماننے کیلیے تیار ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 24 جنوری 2023
پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون کی تقریب سے خطاب (فوٹو : فائل)

پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون کی تقریب سے خطاب (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنی ساری سیاسی کمائی پاکستان کے لیے قربان کرنے کو تیار ہوں، ملک و قوم کی مشکل حالات میں تنہا چھوڑیں گے، آئی ایم ایف کو شرائط ماننے کا پیغام دے دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون کی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں ںے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ دور حکومت میں ہم نے پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے تھے اور نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کے جذبے بلند ہیں، اگر انہیں وسائل مہیا کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیے جن سے نوجوانوں نے کورونا کے دوران باعزت روزگار کمایا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پانچ لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا جس میں پانچ لاکھ روپے کا قرض بلا سود ہوگا، پانچ سے 15 لاکھ روپے تک سات فیصد کی شرح سے قرض دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے لیے مشکل ترین حالات میں قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، ہم نے ریاست بچانے کے لیے سیاسی مفادات کو داؤ پر لگادیا، اپنی ساری سیاسی کمائی پاکستان کے لیے قربان کرنے کو تیار ہیں، ملک و قوم کی مشکل حالات میں تنہا چھوڑیں گے، ملک کی خاطر اشرافیہ اور اہل ثروت طبقے کو بھی قربانی دینی ہوگی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم ملک کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں اور پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے اور اس کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ  آپ کی شرائط ماننے کو تیار ہیں  اور نویں جائزے کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔