کراچی میں ٹرک نے موٹر سائیکل سوار تین بچوں کو کچل دیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 جنوری 2023
(فوٹو : ایکسپریس)

(فوٹو : ایکسپریس)

  کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب تیز رفتار شہزور ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار 3 بچوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں تینوں بچے موقع پرجاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی تھے، جو اسکول سے گھر جارہے تھے ایک پڑوسی تھا۔ واقعہ کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ حادثے کے بعد نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقلہ کردی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ اوشالطیف ٹاؤن مظہر اقبال اعوان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت لقمان، نعمان اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہیں ،جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق ہونے والے دو بچے لقمان اور نعمان سگے بھائی تھے جبکہ متوفی عبداللہ محلے میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس نے شہزور ٹرک کو تحویل میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا ہے اور حادثے میں ملوث شہزور ٹرک کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن مظہر اقبال اعوان نے بتایا کہ بچوں کی شناخت لقمان، نعمان اور عبداللہ کے نام سے ہوئی، ان کی عمریں 10 سے 14 سال کے درمیان ہیں، دو بچے لقمان اور نعمان سگے بھائی تھے جبکہ متوفی عبداللہ محلے میں رہائش پذیر تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ تینوں بچے اسکول کے طالب علم تھے اور اسکول سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر اپنی رہائش گاہ دھنی بخش گوٹھ علی محمد لاشاری گوٹھ جا رہے تھے۔

جاں بحق بچے عبداللہ کے چاچا قاری عبدالرشید لاشاری نے بتایا کہ دو بچے سرکاری اسکول میں زیر تعلیم تھے، لقمان اور عبد اللہ صبح اسکول گئے تھے، 14 سالہ نعمان اپنے چھوٹے بھائی لقمان اور کزن عبداللہ کو موٹر سائیکل پر اسکول سے واپس لارہا تھا، حادثے کا شکار بچوں کی عمریں 11 سے 14 سال کے درمیان ہیں، متوفی عبداللہ چوتھی جماعت کا طالب علم تھا جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، نعمان اور لقمان سگے بھائی اور عبداللہ ان کا کزن ہے۔

دریں اثنا موچکو تھانے کے علاقے بلدیہ نادرن بائی پاس روڈ مواچھ گوٹھ پل پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کی گئیں جہاں متوفی شخص کی شناخت 32 سالہ محمد آصف ولد محمد تسلیم کے نام سے کی گئی متوفی بلدیہ ٹاؤں کا رہائشی تھااورحب کی جانب فیکٹری میں کام کرتا تھا۔

ایس ایچ او موچکو چوہدری شاہد نے بتایا کہ متوفی شخص موٹرسائیکل پر سوار تھا اور نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔