ملک میں مکمل بجلی بحال ہونے میں 48 گھنٹے لگیں گے، خرم دستگیر

ویب ڈیسک  منگل 24 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں طویل بریک ڈاؤن کے بعد بجلی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی، ایک طرف تکنیکی کی خرابی تو دوسری جانب شارٹ فال چار ہزار 278 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 722 جب کہ طلب 14 ہزار میگاواٹ ہے یعنی شارٹ فال 4 ہزار 278 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

وزیرتوانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پورے ملک میں بجلی بحال کردی ہے، نیشنل گرڈ کے تمام اسٹیشنز بحال کرچکے ہیں تاہم تکنیکی فالٹ کو اب تک درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جوہری پلانٹ کو دوبارہ شروع ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے چاہئیں کوئلے کے پلانٹ کو بھی 48 گھنٹے چلانے کیلئے درکار ہوتے ہیں اس لیے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی جس وجہ سے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں لوڈشیڈنگ رہے گی، پرسوں تک سب کچھ بحال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب ملک بھرمیں ایک ہزار 112گرڈ اسٹیشنز بحال ہوچکے ہیں، وارسک پاوراسٹیشن سے بجلی کی ترسیل میں ہمیں ریلیف ملا جب کہ تربیلا اور منگلا کے درمیان کچھ تکنیکی مسائل پیش آئے ہیں۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی گزشتہ روز بحال کردی تھی، گیپگو کے 60 گرڈ اسٹیشنز جبکہ حیسکو کے تمام 71 گرڈ اسٹیشنز بحال کردیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔